کراچی: بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے کراچی کے تمام اضلاع میں اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کے اجلاس میں چار اضلاع میں اسمارٹ جبکہ دو اضلاع میں مائیکرو لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع جنوبی، ضلع شرقی، ضلع وسطی اور ضلع غربی میں اسمارٹ لاک ڈاؤں لگانے کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنرز کل تک جاری کردیں گے جبکہ ضلع کورنگی اور ضلع ملیر میں مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔
اس حوالے سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ ہیلتھ افسران سے مشاورت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمشنر کراچی کے مطابق آج یا کل تک نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ جن علاقوں میں لاک ڈاؤن ہوگا ان کی نشاندہی ڈپٹی کمشنرز کریں گے۔
دوسری جانب حکومت پنجاب نے کورونا کے پھلاؤ کے باعث صوبہ بھر میں شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین کیلئے15کروڑ ڈالر مختص کرنے کی سمری تیار
کیپٹن (ر) محمد عثمان کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ تقریبات میں 300 افراد کے اکٹھے ہونے کی اجازت ہو گی، عوامی اجتماعات میں 300 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔
سیکریٹری ہیلتھ کیئر نے کہا کہ شادی، بیاہ اور دیگر تقریبات کی اجازت صرف کھلی جگہوں پر ہو گی، کھلی جگہ پر تقریبات میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازم ہو گا۔
کیپٹن (ر) عثمان کا کہنا ہے کہ تقریبات کے علاوہ عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنا بھی لازم ہو گا، پابندی کا اطلاق 20 نومبر 2020 سے 31 جنوری 2021 تک ہو گا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 36 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 ہزار 738 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 68 ہزار 665 ہوگئی جبکہ 7 ہزار 561 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 868 مریض صحت یاب ہوئے اور اب تک مجموعی طور پر 3 لاکھ 27 ہزار 542 شفا یاب ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 25 ہزار 719، خیبرپختونخوا 43 ہزار 359، سندھ ایک لاکھ 59 ہزار 752، پنجاب ایک لاکھ 12 ہزار 893، بلوچستان 16 ہزار 642، آزاد کشمیر 5 ہزار 806 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 494 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات سندھ میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار 780 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ پنجاب 2 ہزار 811، خیبر پختونخوا 1 ہزار 319، اسلام آباد 266، گلگت بلتستان 93، بلوچستان 158 اور آزاد کشمیر میں 134 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔