کورونا میں اضافہ: خیبر پختونخوا حکومت کا اپوزیشن کو صورتحال سے آگاہ کرنے کا فیصلہ

کورونا میں اضافہ: خیبر پختونخوا حکومت کا اپوزیشن کو صورتحال سے آگاہ کرنے کا فیصلہ

پشاور: ملک میں کورونا کی دوسری لہر میں اضافے کے سبب خیبر پختونخوا حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کے صوبائی رہنماوَں کو صورتحال سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اپوزیشن سے رابطے کے لیے کابینہ رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزرا کمیٹی میں اکبر ایوب، شوکت یوسفزئی، سلطان محمد، تیمور جھگڑا اور کامران بنگش شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے پارلیمانی رہنماوَں کو کل 4 بجے اسمبلی سیکریٹریٹ مدعو کیا گیا ہے۔ کمیٹی  نے سردار یوسف، لطف الرحمان، اکرم درانی، عنایت اللہ، سردار بابک اور شیراعظم وزیر سے رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کورونا صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپوزیشن کو پشاور میں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے جلسے کو موخر کرنے کا کہے گی۔

کابینہ رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ کسی کو زبردستی جلسے جلوس کرنے سے نہیں روکتے لیکن یہ موقع مناسب نہیں ہے۔ امید ہے اپوزیشن سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ہماری روایات ہیں کہ مسائل مذاکرات سے حل کیے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی دوسری لہر: ملک بھر میں جلسوں پر پابندی عائد

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے2ہزار50 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 61 ہزار 82 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا سے 33 اموات ہوئیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار 193 تک پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے 3 لاکھ 24 ہزار 834 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور 2 ہزار 955 زیر علاج ہیں۔

آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی تعداد 5 ہزار 538 ہے اور وہاں ایک ہزار 336 مریض زیر علاج ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد24 ہزار444 اور260 اموات ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا کے3 ہزار686 مریض زیر علاج ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کیسزکی تعداد 42 ہزار 615 ہے اورایک ہزار 315 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک لاکھ 56 ہزار528 کورونا کیسز اور 2 ہزار 751 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

سندھ میں زیرعلاج مریضوں کی تعداد10 ہزار525 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 11 ہزار47 کورونا کیسز ہیں اور2 ہزار 492 اموات ہوئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق بلوچستان میں16ہزار449 افراد متاثر اور156 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ گلگت بلتستان میں کورونا کے4ہزار416 کیسزاور93 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں