چوہدری نثارکا تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان


راولپنڈی: مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان تین حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

چوہدری نثار قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔

انہوں نے این اے 59، پی پی دس اور پی پی 14 سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

چوہدری نثار نے بتایا کہ ٹیکسلا کے حلقے این اے 63 سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ پارٹی لیڈر شپ سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ اعلان یو سی چیئرمینوں سے ملاقات میں کیا۔

اس سے پہلے انہوں نےاعلان کیا تھا کہ وہ  دو حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے دو ہفتے قبل ہونے والی ملاقات سے پہلے افواہیں زیرگردش تھیں کہ چودھری نثار اپنی سیاسی راہیں جدا کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے چودھری نثار علی خان سے 15 اپریل2018 کو ملاقات کی تھی جس میں مفاہمتی عمل آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

پنجاب ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے سابق وفاقی وزیرداخلہ کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔


متعلقہ خبریں