عثمان قادر کو ’پرچی‘ کہنے والوں پر وسیم اکرم برہم


راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے عثمان قادر کو ’ پرچی‘ کہنے والوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محلے کی کرکٹ نہیں ہے، یہاں پر اگر کوئی اچھا کھیلتا ہے وہی ٹیم میں آتا ہے۔

پاکستان اور زمبابوے کے مابین دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عثمان قادر کی آج کے میچ میں کارکردگی سب کے سامنے ہے، ان کے پاس لیگ بریک، گگلی اور فلیپر تینوں ہتھیار موجود ہیں اور اس پر انہیں کنٹرول بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ عثمان قادر کا شاداب خان کے ساتھ موازانہ کر رہے ہیں۔ شاداب بالکل الگ طرح کے کھلاڑی ہیں وہ ایک آل راؤنڈر ہیں جب کہ عثمان ایک مکمل لیگ بریک باؤلر ہیں۔

خیال رہے کہ سابق لیگ اسپنر عبدالقادر کے صاحبزادے عثمان قادر نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ڈیبیو کیا تھا اور پہلے میچ میں ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

عثمان قادر نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں عمدہ گیند بازی کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


متعلقہ خبریں