کراچی: کئی رہائشی علاقوں میں گیس کی قلت کا سامنا


کراچی:  پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے لوڈ مینجمنٹ پلان پرعمل کے باوجود شہر کے کئی رہائشی علاقوں میں گیس کی قلت کا سامنا ہے۔

کراچی کے کئی علاقے بشمول  بلدیہ سعید آباد، شیر شاہ، ماڑی پور، سائٹ ایریا سمیت اورنگی ٹاؤن اور سرجانی ٹاؤن گیس کی بندش یا کم پریشر کی وجہ سے رہائشیوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔  اسی طرح کورنگی، سائٹ، سپرہائی وے، نارتھ کراچی،ایف بی ایریا کے صنعتی زونز میں بھی گیس سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گیس بحران: سندھ حکومت نے سوئی سدرن کمپنی کو پائپ لائن بچھانے کی اجازت دے دی

اسی طرح کراچی کے قدیم  اور پسماندہ علاقے لیاری میں سردی کے موسم کے علاوہ گرمی میں بھی لائنوں میں گیس دستیاب نہیں ہے۔ لیاری کے علاقے جہان آباد کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ تین سال سے گیس کی قلت کا سامنا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ گھر کی ضرورت ایل پی جی سلینڈر سے پوری کررہے ہیں اور کام کاج پر جانے سے پہلے انھیں سلنڈر بھروانے کی ڈیوٹی کرنی پڑتی ہے۔

سی این جی اسٹیشنز کی کراچی سمیت صوبے بھر میں بندش کے باوجود گھریلو صارفین کو گیس کی عدم فراہمی کا سامنا ہے۔

اس سے قبل شہر قائد میں گیس کی عدم فراہمی سے پریشان صنعت کاروں نے ٹیکسٹائل صنعتوں کے بوائلرز کو کوئلہ اور لکڑی سے چلانےکا فیصلہ کیا تھا۔

چیئرمین ایکسپورٹ ایسوسی ایشن پاکستان زبیر موتی والا کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ صنعتوں میں کوئلے اور لکڑی جلا کر چلانے والے بوائلرز تنصیب کا کام شروع ہوگیا ہے۔

صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ نئے بوائلرزکی تنصیب کیلئے آنے والی لاگت پیداواری لاگت پر اثرانداز ہوگی، گیس نہ ملنے سے اب بھی متعدد ایکسپورٹ آرڈر منسوخ ہو چکے ہیں، مسلسل نقصان برداشت نہیں کرسکتے۔

گزشتہ ہفتے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صنعت کاروں نے کہا تھا کہ ہمیں آر ایل این جی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی مگر بعد میں قیمت بڑھا دی گئی۔


متعلقہ خبریں