خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، بارودی مواد برآمد

خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، بارودی مواد برآمد

پشاور: سیکیورٹی اداروں نے خیبرپختونخوا کے علاقے لوئر دیر میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کاؤنٹر ٹیراریزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی میں آئی ای ڈیز اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق لوئر دیرمیں پکڑی گئی آئی ای ڈیز اور بارودی مواد افغانستان سے لایا گیا تھا، جسے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کرنا تھا۔

ذرائع کے مطابق برآمد کیے گئے بارودی مواد میں پریشر کوکر میں نصب آئی ای ڈیز، ڈیٹونیٹر، گولیاں اور دیگر بارودی مواد شامل ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی اداروں نے بلوچستان کے علاقے قمر دین کاریز میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے چھپایا گیا بارودی مواد کا ذخیرہ برآمد کر لیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق یہ بارودی مواد ممکنہ طور پر ژوب اور کوئٹہ میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہونا تھا۔ برآمد کیے گئے بارودی مواد میں  6 سے 8 کلوگرام وزنی 8 تیار بارودی سرنگیں شامل ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق بارودی سرنگوں میں استعمال ہونے والے ڈیٹونیٹرز، بال بیرنگز  سے بھرا بیگ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ممکنہ طور پر یہ بارودی مواد حال ہی میں افغانستان سے پاکستان منتقل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: نیکٹا بھی مالی مسائل کا شکار ہو گیا

یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی ادارہ برائے انسداد دہشتگردی (نیکٹا) نے کوئٹہ اور پشاور کے لیے تھریٹ الرٹ جاری کردیا تھا۔

نیکٹا کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق کالعدم کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کوئٹہ اور پشاورمیں دہشتگرد حملوں کی تیاری کررہی ہے۔ دہشتگرد منصوبے میں ہائی پروفائل سیاسی شخصیت کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

نیکٹا کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق اہم سیاسی شخصیت کو خودکش دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ سیاسی اور مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی بڑھائی جائے۔


متعلقہ خبریں