سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے واپڈا روہتاس ڈیم تعمیر کرے گا

سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے واپڈا روہتاس ڈیم تعمیر کرے گا

اسلام آباد:  وپڈا نے سیلابی پانی کے موثر کنٹرول کیلئے پنجاب کے ضلع جہلم میں روہتاس ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، منصوبے سے 100 میگاواٹ سستی پن بجلی بھی پیدا ہوگی۔

اسلام آباد میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے کہا کہ روہتاس ڈیم سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ روہتاس ڈیم میں سیلابی پانی ذخیرہ ہوگا، اضافی زمین زیر کاشت آئے گی۔

چیئرمین واپڈا  نے متعلقہ حکام کو یدایت کی کہ روہتاس ڈیم کی سٹڈیز اور دیگر امور ترجیحی طور پر مکمل کیے جائیں۔

خیال رہے کہ روہتاس ڈیم ضلع جہلم میں دینہ شہر کے قریب دریائے کاہان پر تعمیر کیا جائے گا۔ پراجیکٹ سٹڈیز کے مطابق ڈیم میں 2 سے تین ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔

خیال رہے کہ مئی میں دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی تعمیر کے لیے واپڈا نے پاور چائنا اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) پر مشتمل جوائنٹ ونچر کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

واپڈا کی جانب سے دیا مر بھاشا ڈیم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر بشیر چوہدری اورجوائنٹ ونچر کی جانب سے ینگ جیانڈو (Yang Jiandu) نے معاہدے پر دستخط کئے تھے۔

وزارت آبی وسائل کے اعلامیہ کے مطابق 442 ارب روپے کا ڈیم پارٹ کا ٹھیکا پاور چائنا اور ایف ڈبلیو او کے جوائنٹ وینچر کو دیا گیا۔

وفاقی وزیر آبی وسائل محمد فیصل واوڈا،چینی سفیر یاؤ جنگ، وفاقی سیکریٹری آبی وسائل محمد اشرف، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ)،انجینئر ا نچیف آف پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز اور ڈی جی ایف ڈبلیواو میجر جنرل کمال اظفربھی اِس موقع پر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آبی وسائل محمد فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ یہ تقریب پاکستان میں ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ دیا مر بھاشا ڈیم پر تعمیراتی کام کا آغاز آئندہ چند ہفتوں میں ہو جائے گا۔یہ منصوبہ پاکستان میں واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کے لئے انتہائی ضروری ہے۔

بھاشا ڈیم کی تعمیراتی کام کے آغاز کا اعلان تاریخی ہے، عاصم سلیم باجوہ

اُن کا کہنا تھا  کہ گزشتہ سال مئی میں مہمند ڈیم کی تعمیر شروع کی گئی تھی جبکہ ایک سال کی قلیل مدت میں ملک میں دیا مر بھاشا ڈیم کی صورت میں ایک اور بڑے کثیر المقاصد منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کیا جارہا ہے جس کی پاکستان کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔


متعلقہ خبریں