روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے انٹرپرائز کے امور سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم کو چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ سے متعلق مجوزہ پالیسی پیش کی گئی جبکہ وزیر اعظم عمران خان کو مجوزہ پالیسی کے خدو خال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور ملکی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایس ایم ایز کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا جس کی وجہ سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ اب وفاقی محکمے اور صوبائی حکومتیں ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ایس ایم ایز کے قواعدو ضوابط کو آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے، کریڈٹ فراہمی، ٹیکس نظام کو سہل بنانے اور کاروبار میں سہولت کاری کے لیے بھی ہم پرعزم ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے سرکاری اداروں اور محکموں تک کمزور طبقہ کی رسائی مزید آسان بنانے کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعظم کے حکم کے تناظر میں ملک کا سب سے بڑا شکایات کا نظام مکمل فعال کر دیا گیا ہے۔  صوبوں میں سٹیزن پورٹل پر افسران  کے 8 ہزار 864 ڈیش بورڈز کو ذمہ داری تفویض کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات

وزیر اعظم آفس کی جانب سے ملک بھر کے 8 ہزار864 سے زائد سرکاری دفاتر کو مراسلہ جاری کر دیا گیا جس میں سرکاری افسران کو اپنے ڈیش بورڈز سے کمزور طبقہ کی شکایات درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

مراسلے میں سرکاری افسران کو بزرگ شہریوں، بیوہ خواتین، معذور افراد کی سہولت کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان  نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کا منشور عوام کی عملی خدمت کرنا ہے، سرکاری اداروں کو عوام کی خدمت  کے لیے ہر صورت پابند بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ گورننس کی بہتری عوام اور سرکاری اداروں  میں  بہتر راوبط سے مشروط ہے، پی ایم ڈلیوری یونٹ نے سرکاری اداروں کو ضابطہ اخلاق بھی بھجوا دیا ہے۔

تمام وفاقی سیکریٹریز،چیف سیکریٹریز اورآئی جیز کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو شکایات کے لیے متعلقہ ادارے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، کسی بھی قریبی سرکاری دفتر میں عملہ شہری کی شکایات درج کرنے کا پابند ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی اپنی اور صدر کی مراعات کم کرنے کا بل لانے کی منظوری

مراسلے کے مطابق سرکاری ادارے شہری کی شکایت فوری متعلقہ محکمہ کو بھیجنے کے پابند ہوں گے۔

وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مختلف علاقوں میں موبائل، انٹرنیٹ سہولت نہ ہونے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا، شہریوں کو سہولت سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے۔


متعلقہ خبریں