کورونا کیسز میں اضافہ: آزاد کشمیر میں دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ


مظفرآباد: عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث آزاد کشمیر میں دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی شرح 8.3 فیصد ہے جو کہ پاکستان بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں دوبارہ لاک ڈاوَن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور  مذہبی اجتماعات سیاسی و سماجی تقریبات بھی محدود کی جائیں گی۔

دوسری جانب  وزیراعظم عمران خان نے بھی پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ دوسرے ممالک کی نسبت اللہ کے کرم سے پاکستان میں کورونا کم پھیلا لیکن سردیوں میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوامی مقامات پر ہرکوئی ماسک پہنے ۔ تمام دفاتر اور تعلیمی اداروں میں ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز ایک بار پھر بڑھنا شروع ہوگئے ہیں اور کراچی کے کچھ علاقوں میں لاک ڈاؤن بھی کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کورونا وائرس کے632 نئےکیسزرپورٹ

ستمبر میں کورونا کیسز انتہائی کم رہے اور ایکٹیو کیسز کی تعداد6 ہزار تک نیچے آگئی تھی۔ تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد ایکٹیو کیسز کی تعداد9 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جہاں ایک لاکھ 38 ہزار 50 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور2ہزار520 اموات ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں