کرائے کے ترجمانوں کو مسلم لیگ ن کے پیچھے لگا دیا گیا، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کرائے کے ترجمانوں کو مسلم لیگ ن کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی شہریت والے نواز شریف کو غدار کہہ رہے ہیں، سیاسی مخالف کو غدار کہنے کے بیانیے نے ہر دور میں شکست کھائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موٹر وے واقعہ سے متعلق بیان: فیاض چوہان کا شہباز شریف سے استعفٰی کا مطالبہ

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس شخص کو غدار کہا جا رہا ہے جس نے اپنے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک منظم اور نالائق ٹولہ اس وقت ملک پر مسلط ہے، ایک ٹولہ سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں آر ٹی ایس سسٹم کی خرابی کا منصوبہ بناگیا، موجودہ حکومت عوام کے ووٹ چوری کر کے آئی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آئینی حقوق معطل ہیں، ملک میں آٹا، چینی اور ادویات چوری ہو چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہہ چکے ہیں کہ ہماری لڑائی عمران خان سے نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نیازی گٹھ جوڑ نے حمزہ شہباز کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، مریم اورنگزیب  

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف وزیر اعظم تھے تو واجپائی خود پاکستان آئے تھے، پاکستان ایٹمی قوت بن چکا تھا، ہاتھ بڑھانا ہمسایہ ممالک کی مجبوری تھی۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کی عزت پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، مودی چل کر نواز شریف نہیں منتخب وزیراعظم کے گھر آیا تھا۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف ن لیگ اور م لیگ کو سمجھا سمجھا کر تنگ آ چکے تھے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اب م لیگ میں تبدیل ہوچکی ہے۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف تنگ آچکے تھے انہوں نے ن اور م کو بہت سمجھایا لیکن بے سود رہا۔ ن لیگ نے ش لیگ کے کہنے پر جتنا کھیلنا ہے اتنا ہی بیڑہ غرق کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  نواز شریف کے ساتھ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے ذریعے سیاست ہوئی۔ حزب اختلاف کی اے پی سی کا مقصد بدعنوانی کے مقدمات کو بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔ آصف علی زرداری نے اے پی سی میں 2 یا 3 منٹ اپنی تقریر میں احتیاط کی جبکہ مولانا فضل الرحمان نے بھی تقریر میں مناسب بات کی لیکن تقریر کی باری نوازشریف کی آئی تو انہوں نے ملکی رازوں کو افشاں کیا۔


متعلقہ خبریں