نواز شریف اپوزیشن میں انقلابی اور اقتدار میں آمر بن جاتے ہیں، شبلی فراز

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اقتدار سے باہر ہوں تو انقلابی بن جاتے ہیں مگر اقتدار میں ہوں تو ان سے بڑا آمر کوئی نہیں ہوتا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے نظریات موسموں کی طرح بدلتے رہتے ہیں۔

انہوں نے تحریر کیا کہ نواز شریف اقتدار کی محرومی کا بدلہ پاکستان سے نہ لیں۔ ہمارے دو سوال وہی ہیں کہ اثاثے کیسے بنائے اور پیسے ملک سے باہر کیسے بھیجے؟

چند روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا تھا کہ نوازشریف عدالتوں اور نظام کو دھوکہ دے کر بیرون ملک فرار ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی نے نہیں عدالت نے کہا کہ آپ قانون کا مذاق اڑا کر باہرگئے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اداروں کو لڑانا چاہتے ہیں،ان کی تقریر قوم سے مذاق ہے: فواد چودھری

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ نوازشریف نے صرف اپنے کاروبار کو مستحکم کیا۔ نوازشریف کی تقاریر سے لگتا ہے کہ وہ ملک سے بدلہ لےرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف باتوں کو الجھانے کے بجائے عدالتوں کو سوالوں کے جواب دیں۔ نوازشریف نےمنی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں ڈالر کے اثاثے بنائے۔ نوازشریف صرف یہ بتادیں کہ  پیسہ باہر کیسے لے کرگئے اور لندن میں اپارٹمنٹ کیسے بنائے؟

شبلی فراز نے کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والا شخص اداروں کی ساکھ  کو داوَ پر لگارہا ہے۔ نوازشریف نے ادارے بنانے کے بجائے انہیں تباہ کیا۔


متعلقہ خبریں