ایکنک اجلاس: ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے فنڈز منظور

ایکنک اجلاس: ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے فنڈز منظور

اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) کے اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے اربوں روپے کے فنڈز منظور کرلیے گئے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ایکنک نے پلاننگ کمیشن کے امور کار آسان بنانے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ اقدام سے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، عملدرآمد اور فنڈز کے اجرا کےامور بہتر ہوسکیں گے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ایکنک نے شکارپور تا راجن پور انڈس ہائی وے پر 221.95 کلومیٹر طویل کیرج وے کی منظوری دے دی۔ تین سالہ منصوبے پر 44 ارب 70 کروڑ 38 لاکھ روپےکی لاگت آئے گی۔ منصوبے کے لیےایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) 40 ارب روپے سے زائدکی رقم فراہم کرے گا۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں سے منصوبے کے لیے ایک ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔

ایکنک نے این 55 کے راجن پور تا ڈی جی خان سیکشن کی 4 رویہ شاہراہ کی تعمیر کی بھی منظوری دے دی۔ تین سالہ منصوبے پر 33 ارب 17 کروڑ 22 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔منصوبے کے لیے اے ڈی بی 28 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد کی رقم فراہم کرے گا۔ پی ایس ڈی پی میں سے منصوبے کے لیے50 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ایکنک نے حیدرآباد سکھر موٹروے کی منظوری دے دی، مراد سعید

ایکنک نے این 55 کے ڈی جی خان تا ڈی آئی خان سیکشن کو ڈبل کرنے اور مرمت کے منصوبےکی بھی منظوری دے دی۔ تین سالہ منصوبے کے لیے اےڈی بی 44 ارب 95 کروڑ روپے سے زائد کی رقم فراہم کرے گا۔ پی ایس ڈی پی میں سے منصوبے کے لیے 50 کروڑ روپے فراہم کیےجائیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق ایکنک نے جھل جاوَ تا بیلا 79.89 کلومیٹر طویل روڈ کی بحالی اور اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دے دی۔ تین سال کے دوران مکمل ہونے والے منصوبے پر11 ارب 11 کروڑ روپے سے زائد کی رقم خرچ ہوگی۔

ایکنک نے پشاور ناردرن بائی پاس 32.2 کلومیٹر طویل منصوبہ نظرثانی شدہ 21 ارب 33 کروڑ روپے لاگت سے منظور کر لیے۔ منصوبہ چارسدہ روڈ انٹرچینج سے تخت بائی خاور چوک تک تین پیکیجزمیں مکمل کیا جائے گا۔

ایکنک نے سوات کے علاقے مدین میں 157 میگاواٹ کے 79 ارب 37 کروڑ کے منصوبے کی منظوری دے دی ۔ گبرل کالام 88 میگاواٹ کے لیے 36 ارب 43 کروڑ کے ہائیڈرو پراجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

ایکنک نے داسو 2160 میگاواٹ کے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے براستہ مانسہرہ بجلی کی اسلام آباد تک بجلی کی فراہمی کا منصوبہ بھی منظور کرلیا۔ عالمی بینک کے تعاون سے پانچ سالہ منصوبے پر 132 ارب 24 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت 765 کے وی کے ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی۔

 


متعلقہ خبریں