وزیراعلیٰ پنجاب کا آٹے مہنگا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیازکارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی سرکاری قیمت پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔

صوبائی وزیر خواراک پنجاب علیم خان نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ محکمہ خوراک آٹے کی مناسب سپلائی کو ہر قیمت پر یقینی بنا رہا ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ایک بار پھر ثابت کیا وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔ مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی۔

انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں اور نااہل و کرپٹ چہروں سے اچھی طرح واقف ہیں، باشعور عوام کو مسترد شدہ عناصر دھوکہ نہیں دے سکتے، ماضی کی طرح اے پی سی کا یہ ڈرامہ بھی ناکام رہا۔

مزید پڑھیں: پشاور: آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی

یاد رہے کہ لاہور سمیت دوسرے شہروں میں مارکیٹ میں صارفین کو سرکاری نرخوں پر آٹا نہیں مل رہا ہے۔ اس سے قبل لاہور شہر میں پہلے بیس کلو کا تھیلا اور پھر پندرہ کلو کا تھیلا غائب ہوا تھا۔

خیال رہے کہ 22 اگست کو لاہور میں آٹے کی فی کلو قیمت میں 4 روپے کا اضافہ کر دیا گیا تھا۔

لاہور میں چکی اونر ایسوسی ایشن نے چکی آٹا کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے فی کلو آٹا 72 سے 76 روپے کر دیا تھا۔ چکی اونرز ایسوسی ایشن نے کہا تھا کہ اگر گندم کی قیمت کم نہ ہوئی تو آٹا 80 روپے فی کلو کر دیا جائے گا۔

سیکریٹری جنرل چکی اونرز ایسوسی ایشن عبدالرحمان نے کہا تھا کہ گندم کی فی من قیمت میں 500 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے اور اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 2 ہزار 300 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل غلہ منڈی میں گندم کی فی من قیمت ایک ہزار 800 روپے میں دستیاب تھی۔


متعلقہ خبریں