کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلاو میں کمی کے بعد کراچی میں قائم آئیسولیشن سینٹرز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ اجلاس میں ایکسپو سینٹر اور پی اے ایف میوزیم میں قائم فیلڈ آئیسولیشن سینٹرز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا
چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس کےمریضوں کے لئے اسپتالوں میں جگہ موجود ہے،، اس لئے آئیسولیشن سینٹرز بند کردیئے جائیں گے۔
کورونا وبا کے بعد 19 مارچ کو حکومت سندھ نے پاک فوج کے تعاون سے کراچی ایکسپو سینٹر میں 10 ہزار بستروں کا اسپتال اور آئسولیشن سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 23 مارچ کووزیراعلیٰ نے ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال کے لیے 1 کروڑ 12 لاکھ روپے جاری کیے تھے۔
یہ رقم پاک فوج کے حوالے کی گئی۔ 2 اپریل کو ایکسپو سینٹر کراچی میں 1200 بستروں پر مشتمل فیلڈ آئسو لیشن سینٹر کا افتتاح کیا گیا۔
17 اپریل کو پہلے کورونا پازیٹو مریض کو ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال سےفارغ کیا گیا۔ 26 اپریل کو ڈالمیا گراونڈ دارالاحساس منگھوپیر اور پی اے ایف میوزیم کے کنوینشن سینٹر میں فیلڈ اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ ہوا۔ 27 اپریل کو ایکسپو سینٹر میں 1200 سے بڑھا کر 1500 بسترکرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ پی اے ایف میوزیم سائٹ پر 600 اور گڈاپ اسپتال 150 بستروں کا بھی اضافہ کیا گیا۔
21 جون کو پاکستان فوج اور سندھ حکومت کےتعاون سے ایکسپو سینٹر میں ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ قائم کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کورونا آئیسولیشن سینٹرز بند کرنے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کو سمری بھیج کر منظوری لی جائے گی۔
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کےبعد ملک بھر میں کورونا کے539نئے کیسز اور4 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں 6 ہزار 383 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور3 لاکھ 2 ہزار 2 مریضوں میں اس کی تشخیص ہوئی۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں اب تک 2 لاکھ 89 ہزار 806 کورونامتاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران کورونا کے 28 ہزار 823 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: نظام صحت ناقص ہونے کے سبب دنیا کورونا وائرس کا شکار ہوئی
پاکستان میں اب تک 2 لاکھ 89 ہزار 806 کورونامتاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران کورونا کے 28 ہزار 823 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 84 ہوگئی ہے۔ پنجاب 97 ہزار760، خیبرپختونخوا میں 36 ہزار 992، بلوچستان میں 13 ہزار595، اسلام آباد میں 15 ہزار 941، آزاد جموں و کشمیر میں 2 ہزار421 اور گلگت میں 3 ہزار227 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 217 اور سندھ میں 2 ہزار 445 اموات ہو چکی ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 257، اسلام آباد میں178، بلوچستان میں 145، گلگت بلتستان میں 76 اور آزاد کشمیر میں 65 ہو گئی ہے۔