مری: پولیس نے مری میں سیروتفریح کیلئے آئی فیملی پر تشدد کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
مری ایکسپریس وے پر ریسٹورنٹ میں ملزمان نے تلخ کلامی پر سیاحوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور خواتین کو بھی زدو کوب کیا۔
فیصل آباد سے آئی فیملی کے سربراہ کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں ہوٹل مینجر سمیت دس افراد مقدمے میں نامزد ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مری میں سیاحوں پر تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی اور آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔
انہوں نے تشدد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کیا جائے۔
پنجاب کے بڑے سیاحتی مقامات کو لیز پر دینے کی منظوری
عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ مری اور دیگر سیاحتی مقامات پر ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ پولیس سیاحتی مقامات پر تواتر کے ساتھ گشت کرے۔
خیال رہے کہ مری میں سیاحوں پر تشدد کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس قبل بھی مال روڈ پر ہوٹل گائیڈز نے خاتون سیاح کو فیملی سمیت جی پی او چوک میں تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ مری ہوٹل یونین نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
مری پولیس نے حدود کا بہانہ بناکر خاتون سیاح کی درخواست لینے سے انکار کردیا تھا لیکن وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سخت نوٹس لینے اور کارروائی کا حکم ملنے کے بعد ایک شخص کو نامزد اور 10 نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔