سرگودھا: سرگودھا پولیس نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرنے والا بھائی گرفتار کرلیا۔ پولیس نے 20 جولائی سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کی لاش برآمد کرلی۔
پولیس ذرائع کے مطابق سرگودھا کے نواحی علاقے ٹانگوالی کی رہائشی نگہت پروین کی شادی چنیوٹ کے رہائشی وسیم امجد سے ہوئی تھی۔ نگہت کے شوہر نے تھانہ صدر میں اس کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا تھا اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نگہت پروین کے قتل کی واردات کا سراغ لگا لیا۔
پولیس کے مطابق بھائی نے غیرت کے نام پر بہن کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ قاتل بھائی نے اعتراف جرم کر لیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور پولیس نے غیرت کے نام پر چودہ سالہ بیٹی کو قتل کرنے والا باپ گرفتار کرلیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق باپ نے بیٹی کو بیلٹوں سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ تشدد سے حالت انتہائی نازک ہونے پر بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہونے کا ڈرامہ رچا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق شدید تشدد اور گلا دبانے کی وجہ سے معصوم عروبہ اسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق تدفین سے قبل دوران غسل جسم پر تشدد کے نشانات واضح نظر آنے پرشک کی بنیاد پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ مقامی پولیس نے مقتولہ عروبہ کی نعش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کروایا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد ثابت ہونے پر انویسٹی گیشن پولیس مناواں نے مقتولہ کے سگے باپ ملزم اشرف کو گرفتار کر لیا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی: مروہ قتل کیس میں اہم پیشرفت، پڑوسی کو گر فتار کر لیا گیا
خیال رہے گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے عیسٰی نگری میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی پانچ سالہ مروہ کیس میں زیر حراست ملزم کو باقاعدہ گرفتار کرلیا تھا۔
ہم نیوز کے مطابق پانچ سالہ مروہ قتل کیس کے سلسلے میں ملزم نواز کو حراست میں لیا گیا تھا اور دوران تفتیش وہ اپنے بیانات مسلسل تبدیل کر رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق مروہ قتل کیس کے میبنہ ملزم نواز کو دوران حراست تحقیقات میں بیانات کی تبدیلی کے باعث باقاعدہ گرفتار کیا گیا۔
ہم نیوز کو اس ضمن میں ذرائع نے بتایا تھا کہ ملزم نواز، قتل ہونے والی معصوم بچی مروہ کا پڑوسی ہے اور پولیس نے اسے پہلے دن ہی حراست میں لیا تھا۔
پولیس کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق ملزم کو حراست میں لینے کی وجہ یہ ہے کہ محلے کے ایک شخص نے گراؤنڈ کی جانب اسے جاتے ہوئے دیکھا تھا۔