اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے لاہور موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کر کے سزا دینے کا مطالبہ کر دیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک عزت دار بیٹی اور اس کے جگر گوشوں کے ساتھ یہ قیامت دل چھلنی کر گئی ہے، پاکستان کی آبرو کا تقاضا ہے کہ مجرم جلد گرفتار ہوں اور سخت ترین سزا پائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعہ پر پوری انسانیت شرمندہ ہو گئی ہے، یہ دراصل معاشرے اور پوری ریاست کی بےحرمتی کا سانحہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انصاف ہونے تک پورا نظام، حکومت معصوم بچوں اور بےگناہ ماں کے سامنےمجرم رہے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹروے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔
متاثرہ خاتون اپنی کار میں دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ موٹروے پر دو نامعلوم افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، طلائی زیورات اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: موٹروے زیادتی کیس:متاثرہ خاتون کی گھڑی اور انگھوٹھی مل گئی
رپورٹس کے مطابق دو افراد نے موٹر وے پہ ایک گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور ان کے بچوں کو باہر نکالا جس کے بعد انہیں قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر خاتون کو بچوں کے سامنے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔