وفاقی حکومت نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی اعلان کر دیا



اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث بند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا حتمی اعلان کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر(این سی او سی) نے تعلیمی ادارے کھولنے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 13 مارچ کو اسکول بند کرنے کا مشکل فیصلہ کیا تھا، کورونا کے دوران بچوں کے امتحانات لینا ناممکن تھا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ ماہرین کی رائے، تھنک ٹینکس رپورٹ اورخطےکی صورتحال کا جائزہ لیا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو بتدریج کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 15 ستمبر سے یونیورسٹیاں اور کالجز کھولےجائیں گے جب کہ 9 ویں اور10 ویں جماعت کے لیے بھی اسکول کھولے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چھٹی سے آٹھویں کلاسز کے اسکول 23 ستمبر سے کھلیں گے جب کہ 30 ستمبر کو حالات کا جائزہ لینے کے بعد پرائمری اسکول کھولےجائیں گے۔

شفقت محمود نے کہا کہ والدین کا بہت شکریہ جنہوں نے 6 ماہ کا وقت بہت تحمل سے گزارا۔

ان کا کہنا تھا کہ مدارس، ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سمیت تمام تعلیمی اداروں پر ایس اوپیزکا اطلاق ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہو گی۔

اس موقع پر معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد تعلیمی اداروں کو بتدریج کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا سےمتعلق حالات تسلی بخش ہیں،اسکولوں میں سماجی فاصلے کا بھی خیال رکھا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کلاس روم میں بچوں کی تعداد کو کم رکھنا ہو گا،آدھے بچےاور  ایک دن آدھے بچوں کو دوسرے دن اسکول بلایاجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے، یونیورسٹی اور کالجز لیب میں زیادہ رش سے گریز کیا جائے۔

خیال رہے اس سے قبل وفاقی وزیر شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزراء تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں تعلیمی اداروں کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔

اجلاس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے شرکت کی جبکہ وزارت صحت کے حکام نے کورونا سے متعلق بریفنگ بھی دی۔

اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ بڑی کلاسز کو کھولنے کے بعد کورونا کو مانیٹر کیا جائے گا جبکہ کورونا سے نمٹنے کے لیے سختی سے ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔

کورونا کے پیش نظر ایک ہفتے بعد چھٹی سے آٹھویں کلاسز کی سرگرمیوں کا آغاز ہو گا۔ طلبا کو ماسک کے ساتھ تعلیمی اداروں میں داخلہ یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے گی۔

خیبر پختونخوا: محکمہ تعلیم کا ستمبر سے اسکولوں میں سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کا فیصلہ

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ تعلیمی ادارے 15 سے 30 ستمبر کے دوران کھولے جائیں گے تاہم پہلے مرحلے میں نویں سے ہائر کلاسز بشمول جامعات کو کھول دیں گے۔ 22 ستمبر سے 6 سے 8 اور 30 ستمبر کو پری پرائمری اور پرائمری کلاسز شروع کر دی جائیں گی۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ پنجاب میں بھی 15 ستمبر کے بعد مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے تاہم کسی بھی اسکول میں ڈبل شفٹ نہیں ہو گی۔


متعلقہ خبریں