اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو معاشی و سفارتی طور پر کمزور کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی بدترین معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں، اناڑی حکمرانوں نے ملک کی خارجہ پالیسی تباہ کر دی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نااہل و ناکام حکمران پاکستان کے کلیدی مفادات کیلئے خطرہ بن چکے ہیں۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت ایک سال مسئلہ کشمیر پر سوئی رہی،بھارت پر اتنا دباوَ کیوں نہیں ڈالا گیا کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ختم ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو کھوکھلا کر کے قوم کو اب بھنگ معیشت کی نوید سنا رہے ہیں اور اس کا ایک نمونہ کراچی میں 1100 ارب روپے کا پیکج ہے۔
عمران خان کو ہٹلر نہیں بننے دیں گے، احسن اقبال
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو کراچی کو پیکج دیا ہے اس کا پیسہ کہاں ہے، موجودہ حکومت نے خزانہ خالی کردیا ہے، ترقیاتی بجٹ 50 فیصد کاٹ دیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے 24 ارب دیا تھا آپ وہ استعمال نہیں کر سکے، ذرا ہمیں یہ سمجھا دیں یہ 1100 ارب روپے آپ کہاں سے نکالیں گے؟
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پیکج بھی بھنگ معیشت کا خواب ہے جو آپ نے کراچی والوں کو دکھایا ہے،افسوس ہے آپ کو پاکستان کے عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کو صرف اپنی کرسی سے اور اپوزیشن کی کردار کشی اور جھوٹے کیس بنانے سے دلچسپی ہے، ایسے نہ حکومت چلتی ہے نہ حکمرانی ہوتی ہے نہ ملک مضبوط ہوتا ہے۔