کراچی میں گجر نالے کے گرد تجاوزات ہٹانے کا آپریشن تیسرے روز بھی جا رہی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے سروے کیا جا رہا ہے۔
گجرنالے کے اطراف میں قائم پتھارے، باڑے اور شیڈز کو گرایا دیا گیا ہے اور اب تعمیرشدہ مکانات اور رہائشی عمارتوں کا سروے کیا جا رہا ہے۔
ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد ارسلان سلیم نے بتایا کہ چھوٹی موٹی تجاوزات ہٹانے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اب رہائشی مکانات اور کاروبار کی جگہوں کا سروے کیا جا رہا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ اس بات کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں گجر نالے پر تعمیر عمارتوں کو گرانے سے کتنے لوگ متاثر ہوں گے اور ان کو دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے متبادل کے طور پر کتنی زمین درکار ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: گجر نالے کی صفائی کا دوسرا مرحلہ شروع، عوام کا احتجاج
گزشتہ روز آپریشن کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا لیکن تیسرے روز انتظامیہ نے لوگوں کو یقین دلایا ہے کہ جب تک متبادل جگہ کا انتظام نہیں ہوتا مکانات نہیں گرائے جائیں گے۔ نالے کے گرد23 ہزار کے قریب مکانات تعمیر ہیں۔
گجر نالے کی صفائی کا آپریشن تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ 16 کلومیٹر طویل گجر نالہ شہر کے 38 بڑے نالوں میں سے ایک ہے جو نیو کراچی سے ایف سی ایریا تک پھیلا ہوا ہے۔ یہ نالہ نیوکراچی، گودھرا، لیاقت آباد، بفرزون، گلبرگ، موسی کالونی اور ایف سی ایریا سے گزرتا ہے۔