وزیر اعظم عمران خان کل کراچی کا دورہ کریں گے

شوکت خانم اسپتال کراچی آئندہ سال کھول دیا جائے گا، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کل کراچی کا دورہ کریں گے اور شہر کے مسائل کا جائزہ لیں گے۔

کراچی میں نالوں کی صفائی، تجاوزات کے خاتمے، نکاسی آب کے مسائل کے حل اور صاف پانی کی فراہمی سے متعلق اہم اعلانات بھی کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاق اپنا کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں درپیش عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے اور عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔

مسائل کو مستقل طور پر حل کرنے کیلئے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے اور وزیراعظم نے اس پلان کو حتمی شکل دینے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

کراچی میں سیوریج، نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے جامع پلان تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ تشکیل دیا گیا جس پر وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کام کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز کراچی کےمسائل پر ایک اجلاس بھی طلب کیا تھا جس میں شہر کے مسائل کے حل سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو پانی، سیوریج، نالوں کی صفائی اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ سے متعلق معاملات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے، کراچی میں سالہا سال سے عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل ادراک ہے، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کراچی کے مسائل اور پاکستان کے معاشی حب کی ترقیاتی ضروریات کو مد نظر رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں