سوات: سیاحتی علاقے مدین اور بحرین سیلابی ریلوں کی نذر

سوات: سیاحتی علاقے مدین اور بحرین سیلابی ریلوں کی نذر

فوٹو: فائل


سوات: خیبرپختون خوا کے ڈسٹرکٹ سوات کے قریب واقع سیاحتی علاقے مدین اور بحرین ایک بار پھر سیلابی ریلوں کی نذر ہو گئے ہیں۔

بارش اور سیلابی ریلوں سے سوات کے قریبی سیاحتی علاقوں کے تین رابطہ پل اور درجنوں مکانات بہہ گئے ہیں جس کے باعث مدین اور بحرین کا مختلف علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

خیال رپے کہ سوات میں بارشوں سے ہونے  والے حادثات میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ ساڑھے سات لاکھ آبادی بجلی سے بھی محروم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلے ٹڈی دل،پھر کورونا اور اب شدید بارشیں: وزیراعلیٰ نے گورنرکو بتادیا

مختلف حادثات میں جاں بحق افراد میں خواتین  اور بچے بھی شامل ہیں۔

اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر سوات کا کہنا ہے کہ دریائے سوات میں پانی کے بہاؤ میں میں کمی آ رہی ہے اور نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے سروے کیے جا رہے ہیں۔

بحرین کے مقام پر درال خوڑ میں  بھی  پانی کے بہاؤ میں کمی آئی ہے جب کہ کالام بحرین روڈ بھی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے سوات میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ملک کے بیشتر حصوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے 5 علاقوں میں سیلاب کا خدشہ، ریڈ الرٹ جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔

گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بدھ کو موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے باعث گرمی اور حبس کی شدت ختم ہو گئی۔ سندھ، کشمیر، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے بیشتر حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔


متعلقہ خبریں