اسلام آباد: مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی اپیلوں پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جاری کردہ تحریری حکم نامے کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اور کیپـٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر سماعت 23 ستمبر کو ہو گی۔
مریم نواز اور کیپٹن ( ر) صفدر کے وکیل نے اپیلوں پر سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ وکیل امجد پرویز کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے سماعت ملتوی کی۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں کو نواز شریف کی اپیل سے الگ کردیا تھا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر مریم نواز کو پیشی سے روکتے ہوئے ریمارکس دیے کہ سیکیورٹی کے مسائل ہوتے ہیں آپ آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوں۔ اپیلوں پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا نوازشریف کو سرنڈر کرنے کا حکم
نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا تھا کہ ہم تحریری فیصلے میں آئندہ سماعت کا تعین کر دیں گے۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نوازشریف نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی۔