راجن پور: کوہ سلیمان کے ندی نالوں کا سیلابی ریلہ متعدد علاقوں میں داخل


راجن پور: بارشوں کے بعد کوہ سلیمان کے ندی نالوں کا سیلابی ریلہ راجن پور اور گردو نواح کے متعدد علاقوں میں داخل ہوگیا۔

ریسکیو 1122  کے مطابق راجن پور،شاہوالی اور موضع کن میں سیلابی ریلے سے کئی گھر اور فصلیں متاثر ہوئیں۔ راجن پور،شاہوالی میں ریسکیو 1122 نے ریلیف کیمپ قائم کردیا ہے۔

دریں اثنا راجن پور کے علاقے 73 کے مقام پر کچی کینال میں شگاف پڑ گیا۔ شگاف پڑنے سے کپاس اور دیگر فصلیں زیرآب آگئیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 4 چھوٹے ڈیمز پر ابتدائی کام شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا: بارشوں سے 2 بچے جاں بحق، 6 افراد زخمی

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے چھوٹے ڈیمز بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پانی کے ذخیرے کے لیے چھوٹے ڈیمز بنانا وقت کی ضرورت ہے اور پنجاب حکومت چھوٹے ڈیمز کے لیے مختلف آپشن پر غور کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کے لیے ٹیکنیکل اسٹڈی کی جا رہی ہے کوہ سلیمان کے پہاڑی نالوں سے ہر سال لاکھوں کیوسک پانی ضائع ہوتا ہے۔

پنجاب حکومت نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ اپنی دو سالہ کارکردگی دو ستمبر کو عوام کے سامنے پیش کرے گی۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں جمعرات تک بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، ندی نا لوں میں طغيانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ ادارے خاص طور پر ریزروئیر آپریٹرز / واٹر مینیجرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ملک کے بیشترشہروں میں آج بھی گرج چمک کےساتھ بارش متوقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب بارش ہوئی اور آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید برسات کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں