پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مفت دودھ ٹیسٹ کرنے کا اعلان

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دودھ کا مفت ٹیسٹ کرنے کا اعلان کر دیا

لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں دودھ کا مفت ٹیسٹ کرنے کا اعلان کر دیا۔

شہری اب خود یہ جان سکیں گے کہ دودھ خالص ہے یا ملاوٹ شدہ اور دودھ کا ٹیسٹ صرف تین منٹ میں ہی ہو جائے گا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے شہریوں کے لیے نہ صرف دودھ کا مفت ٹیسٹ کرنے کا اعلان کیا بلکہ شہری اس ٹیسٹ کی رپورٹ بھی فوری حاصل کر سکیں گے۔

شہری فوڈ اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر کے علاوہ شہر کے داخلی راستوں پر موجود ملک ٹیسٹنگ موبائل لیب سے بھی دودھ کا فری ٹیسٹ کرا سکیں گے۔ محکمے کے مطابق موبائل لیب کی سہولت گجومتہ، مانگا، راوی، سگیاں، اڈہ پلاٹ اور موٹروے ٹول پلازہ پر دستیاب ہے۔

ڈی جی فوڈاتھارٹی عرفان میمن کا کہنا ہے کہ دودھ سیمپلنگ ٹیسٹ کی سہولت چند دنوں تک مہیا کر دی جائے گی، اس سے پہلے دودھ ٹیسٹ کرنے کے گیارہ سو روپے وصول کیے جاتے تھے۔

حکومت پنجاب اپنی دو سالہ کارکردگی عوام کے سامنے پیش کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کی باقاعدہ تقریب کل دو ستمبر کو ہو گی۔

ہم نیوز کے مطابق صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت صوبائی محکموں کی کارکردگی سے متعلق جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔ اس ضمن میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری

حکومت پنجاب کی کارکردگی کے حوالے سے عوام کے سامنے پیش کی جانے والی رپورٹ کی تقریب میں صوبائی وزرا، محکموں کے سیکریٹریزاوردیگر متعلقہ حکام بھی شرکت کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس سلسلے میں کہا تھا کہ دو سال میں صوبے کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں۔


متعلقہ خبریں