پاکستان میں کورونا کیسز میں مستقل کمی

پنجاب میں کورونا پابندیوں میں نرمی

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں مستقل کمی آ رہی ہے، اگست میں صرف 17 ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستان میں جون کے مقابلے میں جولائی میں کورونا کا زور کم رہا جبکہ گزشتہ ماہ کورونا اور کمزور ہو گیا۔

پاکستان میں جون کے دوران ایک لاکھ 41 ہزار کورونا کیسز ریکارڈ کیے گئے اور جولائی میں یہ تعداد کم ہو کر 65 ہزار پر پہنچ گئی جبکہ اگست میں یہ تعداد بہت زیادہ کم ہو گئی اور اگست میں صرف 17 ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسی طرح جون میں 2 ہزار800 افراد کورونا کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے گئے اور جولائی میں ایک ہزار 600 کے قریب اموات ہوئیں۔ یہ تعداد اگست میں انتہائی کم ہو گئی اور صرف 315 افراد موت کو شکار ہوئے۔

پاکستان میں مجموعی ٹیسٹ کے بعد مثبت کیسز کی شرح جون میں 20 فیصد رہی اور جولائی میں یہ شرح 9 فیصد کے بعد اگست میں 3 فیصد کے قریب آ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے 300نئے کیسز رپورٹ

ایک دن میں اموات کے لحاظ سے پاکستان دنیا بھر میں 51 ویں نمبر پر آ گیا جبکہ مجموعی اموات کے لحاظ سے دنیا کے 22 ملک پاکستان سے آگے ہیں۔ اسی طرح ایک دن میں نئے کیسز کے لحاظ سے پاکستان 48 ویں نمبر پر موجود ہے اور مجموعی کیسز میں پاکستان کا نمبر 46 واں ہے۔

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 300 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 4 افراد موت کا شکار ہوئے۔

ملک بھرمیں کورونا ایکٹیو کیسز کی تعداد 8 ہزار 881 رہ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 ہزار 882 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا ٹیسٹوں کی مجموعی  تعداد 26 لاکھ 42 ہزار 28 ہے۔


متعلقہ خبریں