اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور سعودی قیادت جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے موقع پر کی جانے والے سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہوں، مرکزی جلوس کے راستوں پر پولیس نفری تعینات ہے۔
کشمیر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پالیسی ناکام ہو چکی ہے، یواین سیکریٹری جنرل کوخط لکھا، بھارت کوئی ناٹک رچا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں محرم کے جلوسوں پر پابندی ہے جس کی مذمت کرتا ہوں۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے خوف کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں جبر جاری رکھا ہوا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر میں مسلسل بلیک آوٹ جاری ہے جبکہ آج مقبوضہ کشمیر میں عزاداری پر پابندی ہے اور عید پر نماز کی اجازت بھی نہیں دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مذہبی آزادی پر بھی قدغن ہے اور بھارت نے خوف کی وجہ سے جبر جاری رکھا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: 24 گھنٹے کے دوران 7 کشمیری شہید
ان کا کہنا تھا کہ حسینیہ کانفرنس سے یکجہتی کا پیغام جاتا ہے اور معاشرے میں تفریق پیدا کرنے والے عناصر کے عزائم کو ناکام بنانا اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے اور ہم آہنگی کے فروغ میں علما کرام اور مشائخ کا اہم کردار ہے۔ ہر زمانہ حسین ؓ کا ہے اور آخری فتح حق کی ہی ہوتی ہے۔ دنیا میں حسین ؓ کے فلسفے کو سمجھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔