کارکنان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، شہباز شریف

فائل فوٹو


لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ کارکنان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی کارکنان کے ساتھ خطرناک مجرموں جیسا سلوک افسوسناک ہے اور کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنا کر ہتھکڑیاں لگانا حکمرانوں کی انتقامی سوچ کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سیاست کو ذاتی انتقام میں بدل رہی ہے جو افسوسناک ہے لیکن ہم مسلم لیگ ن کے کارکنان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کارکنوں کے بلند حوصلوں، عزم اور ہمت پر ہمیں فخر ہے اور میں سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔ مسلم لیگ ن کے جواں ہمتوں نے عوام دشمن حکومت کو خوف زدہ کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: منظم انداز میں نیب دفتر کے باہر کا ماحول خراب کیا گیا، وزیر خارجہ

انہوں نے کہا کہ جلد ناحق گرفتار کارکنان رہا ہوں گے ہمارے وکلا قانونی حق کے لیے کوشاں ہیں۔

واضح رہے نیب لاہور نے گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کو طلب کیا تھا تاہم ان کے نیب آفس لاہور کے باہر پہنچنے کے بعد ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی تھی جس پر نیب نے مریم نواز کی پیشی کو منسوخ کر دیا تھا تاہم مسلم لیگ ن کے کارکنان کی جانب سے ہنگامہ آرائی کرنے پر 58 کارکنان کو موقع سے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا جنہیں آج عدالت میں پیش کیا گیا۔


متعلقہ خبریں