ملتان: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ کچھ لوگ ملک میں شفاف الیکشن نہیں چاہتے۔
ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئےبلاول نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کمزور ہے امید ہےکہ 2018 میں پرامن الیکشن ہوں گے جو جمہوریت کیلئے بڑا قدم ہوگا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ جمہوریت جتنی آگے بڑھے گی اتنے ہی عوام کے مسائل حل ہوں گے، پاکستان کی عوام جمہوریت پسند ہے لیکن کچھ لوگ آمریت سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو الیکشن میں پتا چل جائے گا کہ انہیں کیوں نکالا عوام کی عزت نہیں کریں گے تو عوام بھی عزت نہیں کرے گی۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ضیا سے ڈکٹیشن لیتے وقت اور بے نظیرکے خلاف سازش کے وقت نوازشریف کو ووٹ کی عزت یاد نہیں آئی۔
انہوں نےالزام لگایا کہ نوازشریف نےکئی بار ڈکٹیشن لی وہ آج بھی کوشش کررہے ہیں کہ انہیں اپنایا جائے اور وہ ڈکٹیشن پر چلیں،ن لیگ وہ پارٹی ہے جو ڈکٹیشن پر چلتی تھی۔
الیکشن 2018 میں کسی بھی ممکنہ اتحاد کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری اپنی پارٹی ہے اور آئندہ انتخابات اسی سے لڑکر جیتیں گے۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک میں واحد نظریاتی جماعت ہےہماری پارٹی جنوبی پنجاب صوبے کی حمایت کرتی ہے اورپسماندگی ختم کرنے کیلئے نیا صوبہ بنانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا لیکن ہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت چھ لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ پچھلے دس سال سے وفاق کوسب سے زیادہ بجلی فراہم کررہا ہے اور وفاق والےسندھ کو گیس بھی نہیں دے رہےجس سےبجلی نہیں پیداہورہی اورکراچی میں12،12گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
بلاول نے بتایا کہ نگران سیٹ پر بات چیت چل رہی ہے امید ہے اتفاق رائے سے نگران وزیراعظم کا انتخاب کرلیں گے۔