لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزرا اور سرکاری افسران کے سرکاری خرچ پر کیے جانیوالے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگادی ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کی گئی نئی کفایت شعاری پالیسی کے مطابق نئے مالی سال میں غیر ضروری اخراجات سے اجتناب کیا جائے گا۔
نئی گاڑیوں کی خریداری، وزرا اور افسران کے سرکاری خرچے پر بیرون ملک دوروں پر پابندی لگائی دی گئی ہے۔ افسران اور وزرا کے بیرون ملک سرکاری دورے وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے مشروط ہیں۔
بیرون ملک علاج معالجے، پوسٹوں کی اپگریڈیشن اور فائیو اسٹار ہوٹل میں ورکشاپ پر پابندی ہوگی۔ پنجاب کے صوبائی وزرا کے گھروں کی تزین و آرائش پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سپلمینٹری گرانٹ اور فنڈز کی دیگر منصوبوں کو منتقلی پر بھی پابندی ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت پنجاب نے کفایت شعاری مہم کے تحت 92 گاڑیاں نیلام کی تھیں۔ گاڑیاں سابق وزیر اعلیٰ کے پروٹو کول اور صوبائی وزرا کے زیر استعمال رہیں۔
نیلام ہونے والی گاڑیوں میں سے 40 گاڑیاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ، گورنر ہاؤس، گورنر سیکرٹریٹ، ایس اینڈ جی اے ڈی میں زیر استعمال رہی ہیں جبکہ باقی گاڑیاں دیگر محکموں میں استعمال ہوتی رہیں۔
گزشتہ دو برس کے دوران ان گاڑیوں کی مرمت پر ایک کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز بھی خرچ کئے گئے تھے۔ن گاڑیوں کو نیلام کر کے ساڑھے پانچ کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کروائے گئے تھے۔