ملک کے بیشتر حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

ہوشیار: جمعہ سے پیر، سندھ اور بلوچستان میں بارش کی پیشنگوئی

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختو نخوا، بالائی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا

گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض اضلاع میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، حافظ آباد اور لاہور میں چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان، ڈی جی خان اور لیہ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات اور ہری پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی جب کہ بارکھان، ژوب، خضدار اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کراچی میں ظوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہو گا جس کے بعد محکمہ صحت سندھ نے اسپتالوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

محکمہ صحت سندھ نے دوران ایمرجنسی میڈیکل اور پیر امیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی ہیں۔

ڈی جی صحت سندھ نے ہدایت کی ہے کہ اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور یومیہ بنیادوں پر رپورٹ جمع کرائی جائے۔ محکمہ صحت سندھ نے صوبے کے سرکاری اسپتالوں کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش کے 24 گھنٹے بعد بھی نظام زندگی مفلوج، گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بھی مون سون کا نیا سلسلہ ہفتے کو داخل ہو گا۔ اس وقت لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

ملک کے بیشترعلاقوں میں گزشتہ روز موسم گرم اور شدید حبس رہنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ تاہم بالائی خیبر پختو نخوا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان، بلوچستان اور کشمیر کے کچھ اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں