لاہور: صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ مجبوری ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن این سی اوسی کا متفقہ فیصلہ ہے جس کا واحد مقصد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
انہوں نے تاجروں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا کی روک تھام کے لیے تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسی پر عمل درآمد سے متعلق پولیس تاجروں سے بدسلوکی نہیں کرے گی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دے دی ہے۔
محرم اور عید پر اگر احتیاط نہ کی تو کورونا کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے، وزیراعظم
اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران مویشی منڈیاں، یوٹیلیٹی اسٹورز، دودھ، دہی، تندور اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔
چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق نے کہا کہ حکومت کے لیے انسانی جانوں کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے جبکہ بازاروں میں خریداری سے کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مویشی منڈیوں کے داخلی راستوں پر اسکریننگ کے لیے کاؤنٹر قائم کیا جائے گا۔