پاکستان میں کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا


اسلام آباد: معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کورونا سے متعلق صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور عالمی سطح پر بھی پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کا اقرار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں کورونا کیسز میں 80 فیصد کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عالمی اداروں کے اندازے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ 2 لاکھ 73 ہزار تشخیص شدہ مریضوں میں سے 2 لاکھ 37 ہزار صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان کو اب 2 بڑے چیلنجز عید اور محرم الحرام درپیش ہیں اور ان دونوں ایام کے دوران کورونا کے چیلنج کا سامنا ہو گا۔ پاکستان میں کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید الفطر پرسماجی فاصلہ نظر انداز کرنے سے کورونا پھیلا اس لیے اب سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیر کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ عید الاضحیٰ پر انتہائی سمجھ داری کے ساتھ فیصلے کرنے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے لیے بہت پہلے سے تیاری شروع کر دی تھی۔ اس کے لیے علمائے کرام سے مشاورت کی اور عید سے متعلق کمیٹی میں قومی سطح پر کمیٹی بنائی۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان میں کورونا سے مزید 35 افراد جاں بحق، 1226 نئے کیسز رپورٹ

انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ پر 4 عناصر پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ شہروں میں مویشی منڈیوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا اس لیے شہروں سے باہر مویشی منڈیوں کی اجازت ہے۔ عوام مویشی منڈیوں میں بزرگوں اور بچوں کو نہ لے جائیں اور وہاں بھی سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ آن لائن مویشی منڈیوں کو ترجیح دی جائےاور عوام اجتماعی قربانی کو ترجیح دیں۔ گھر میں قربانی کے دوران ہجوم سے گریز کریں اور گوشت کی تقسیم کے دوران بھی سماجی فاصلہ رکھا جائے۔


متعلقہ خبریں