اسلام آباد: اسلام آباد، راولپنڈی بالائی و وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا اور زیریں سندھ کے مختلف علاقوں میں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی بوندیں برسنے کے بعد گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
بالائی و وسطی پنجاب، خیبرپختون خوا اور زیریں سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش نے خوب رنگ جمایا۔ صحرائے تھر، بارکھان اور وادی لیپہ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور مشرقی بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: مون سون بارشیں: وزیراعلیٰ پنجاب نالوں کی صفائی میں تاخیر پر برہم
محکمہ موسمیات نےآئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
خیال رہے کہ دو دن قبل ملک کے مختلف حصوں میں رات گئے اور صبح سویرے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی تھی جس سے موسم خوشگوار ہوا تھا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی تھی۔
سکھر اور اس کے گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی تھی۔ بارش شروع ہوتے ہی ملک علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی تھی۔ خیر پور، میر ٹھری واہ اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔