نواز شریف اور آصف زرداری کی پاکستان میں سیاست ختم ہو چکی، فواد چوہدری



اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری کی پاکستان میں سیاست ختم ہو چکی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام بریکنگ پوائنٹ ود مالک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مائنس ون وہاں ہوتا ہے جہاں لیڈر پارٹی سے چھوٹا ہو، جہاں لیڈر پارٹی سے بڑا ہو وہاں مائنس کیسے ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے لندن میں بے نامی پراپرٹیز بنائیں مگر انہوں نے کہا یہ اپارٹمنٹ ہمارے نہیں ہیں، جب یہ کیس پاکستان میں شروع ہوا تو پتہ چلا کہ 16 آف شور کمپنیاں بنائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے دو اپیلیں ہیں، دونوں پارٹیاں کہہ رہی ہیں کہ کیس کا ری ٹرائل ہونا چاہیے۔

نواز شریف کو سزا کم ملی،مریم کے والد نے سزا کاٹی نہیں: فواد چودھری

فواد چودھری نے کہا کہ نوازشریف کو جیل میں رکھنے کا ہمیں شوق نہیں ہے بس ملک کا پیسہ واپس آنا چاہیے، نوازشریف نے ایک روپیہ واپس نہیں کیا اور سب لوگ لندن چلے گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف اسکینڈل پاکستان میں نہیں لندن میں بنا اور اب ان کا یہاں کوئی سیاستی مستقبل نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف سے عمران خان کا قد بڑا ہے، فوج وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے انہیں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے اصلاحات کا جو وعدہ کیا تھا ہمیں اس کی طرف بڑھنا چاہیے، کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچا۔


متعلقہ خبریں