پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز نومبر میں کرانے پر اتفاق


لاہور: پاکستان سپر لیگ5 کے بقیہ چار مقابلے نومبر میں کرانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اجلاس کے اعلامیے میں کہا ہے کہ  پی ایس ایل کی جنرل کونسل نے گورننگ کونسل کے سامنے کوئی تجویز رکھنے سے قبل فیصلے سے متعلق مزید غور کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کورونا کے وبائی مرض کے سبب تاحال کئی معاملات غیریقینی ہیں۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی اور فرنچائزز نے تمام زیرالتوا معاملات کو مل کر حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

پی ایس ایل کا مستقبل پاکستان کرکٹ بورڈ اور تمام فرنچائزز کے لیے بہت اہم ہے۔ پی سی بی اور چھ فرنچائزز نے پی ایس ایل کا مالی استحکام پیدا کرنے کے  لیے زیادہ سے زیادہ باہمی تعاون کے فریم ورک پربھی اتفاق کیا ہے۔

گورننگ کونسل نے پاکستان سپر لیگ کو ایک آزاد شعبہ بنانے پر پی سی بی کو سراہا ہے اور اس شعبے کی سربراہی پی ایس ایل کے  پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کریں گے۔

پی سی بی اور فرنچائزز نے پی ایس ایل ڈیپارٹمنٹ اور ٹیموں کے درمیان باقاعدہ رابطے کے فریم ورک پر اتفاق بھی کیا۔ فریم ورک کا مقصد لیگ سے متعلق مختلف آپریشنل اور اسٹریٹجک امور پرمشاورتی عمل کو تیز کرنا ہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا مستقبل پاکستان کرکٹ بورڈ اور تمام فرنچائزز کے لیے بہت اہم ہے۔ ہم  سب مل کر اسے ایک بڑا، مضبوط اور بہتر برانڈ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی اور فرنچائزز نے تمام زیرالتوا معاملات کو مل کر حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ا اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ لیگ کے تمام فریقین کو فائدہ ہو اور وہ ترقی کرتے رہیں۔


متعلقہ خبریں