‘اسٹاک ایکسچینج پر حملہ را فنڈڈ دہشت گردوں کے طریقوں سے مماثلت رکھتاہے’

'اسٹاک ایکسچینج پر حملہ را فنڈڈ دہشت گردوں کے طریقوں سے مماثلت رکھتاہے'

فوٹو: ہم نیوز


کراچی: دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ بھارت کی خفیہ ایجنسی را کے فنڈڈ دہشت گردوں کے طریقوں سے مماثلت رکھتا ہے۔

ہم نیوز کے ساتھ خصوصی بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب نے کہا کہ دہشت گروں کےگروپ کو نئے سرے سے منظم کیا جارہا ہے اور بھارت پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  کلبھوشن سے حاصل ہونے والی تفصیلات میں بھی کراچی اور بلوچستان پر فوکس تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل(ر) نعیم لودھی نے ہم نیوز کے ساتھ خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایسا حملہ ناکام بنانا آسان نہیں اور اس میں کامیابی کے بعد سیکیورٹی اداروں پر اعتماد بڑھ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملہ ناکام، حملہ آور ہلاک

ان کا کہنا تھا کہ جب تک اینٹ کا جواب پتھر سے نہیں دیں گے حملے ہوتے رہیں گے۔ جب تک دفاعی انداز میں رہیں گے تو دفاع ہی کرتے رہیں گے۔

بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے ہم نیوز کے ساتھ خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو پیغام مل گیا کہ ہم آپ کیلئے تیار ہیں۔ آج کی کارروائی سے بھارت کی خفیہ ایجنسی را اور افغانستان کی ایجنسی این ڈی ایس کو واضح پیغام چلا گیا ہے۔

ہم نیوز کے ساتھ خصوصی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شرپسند دوبارہ سراٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اور پوری قوم دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حملے کےماسٹر مائنڈ تک جلد پہنچ جائیں گے، وزیرداخلہ اعجازشاہ

خیال رہے کہ پولیس نے آج صبح  پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملہ ناکام بناتے ہوئے تمام چار حملہ آوروں کو مار دیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ پوری قوم کو پولیس کے بہادر جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے بروقت کارروائی سے حملے کو ناکام بنایا۔

وفاقی وزیر داخلہ اعجازشاہ نے اس ضمن میں  کہا کہ کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی تحقیقات کا آغاز ہوگیا ہے اورماسٹر مائنڈ تک جلد پہنچ جائیں گے۔

دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپکٹر اور چار سیکیورٹی گارڈز شہید ہوئے ہیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں اسٹاک ایکسچینج کا ایک گارڈ بھی شامل ہے۔


متعلقہ خبریں