لاہور: کورونا کے خدشے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے عیدالاضحٰی سے قبل صوبے بھر کے بڑے شہروں میں مویشی منڈی لگانے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہورمیں بھی مویشی منڈی لگانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے نوٹیفکیشن وزیراعلیٰ عثمان سے باقاعدہ منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق جن جگہوں میں مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی، اس حوالے سے آئندہ چند روز میں ایس اوپیز واضح کیے جائیں گے
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہورمیں مویشی منڈیوں پر پابندی شہریوں کے وسیع مفاد میں کیا گیا ہے۔ سماجی فاصلے پر عمل درآمد کرکے ہی کورونا وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ عیدالاضحٰی 31 جولائی بروز جمعہ کو ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے عیدالاضحٰی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 21 جولائی کو چاند کراچی اور ارد گرد کے علاقوں میں دوربین سے واضح نظر آئے گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ کئی علاقوں میں چاند آنکھ سے بھی دیکھا جا سکے گا اور چاند کی جگہ کے لیے آپ رویت ایپ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں جنہیں چاند نظر نہیں آتا انہیں کورونا وائرس کہاں نظر آئے گا؟ فواد چوہدری
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی فواد چوہدری نے عیدالفطر کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا تھا اور پھر انہی کی بتائی ہوئی تاریخ کو عیدالفطر منائی گئی تھی۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری چاند دیکھنے کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیتے چلے آ رہے ہیں۔