متحدہ اپوزیشن کا جسٹس قاضی فائز کیخلاف ریفرنس کالعدم قرار دینے کا خیرمقدم


اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نے سپریم کورٹ کی جانب سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دیے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نواز، پاکستان پیپلز پارٹی، عوام نیشنل پارٹی اور جماعت اسلامی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایسٹ ریکوری یونٹ کی حقیقت قوم کے سامنے آچکی ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کے فیصلے سے مطمئن ہے، شہزاداکبر

متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ معزز جج کے خلاف بدنیتی پر مبنی بے بنیاد ریفرنس بنا کر اعلیٰ عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔قانون کی حکمرانی کی سربلندی اوراس کی حفاظت پر عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ پاکستان بار کونسل، صوبائی بار کونسلز کو ان کے شاندار کردار پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وکلا برادری نے ایک بارپھر ایک نازک موڑ پر تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ آج سچائی،ایمانداری، قانون و انصاف کی حکمرانی اور اتحاد کی جیت ہوئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ کے دس رکنی بینچ نے جسٹس قاضی فائز عیسی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کے خلاف صدارتی ریفرنس کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

عدالت کی جانب سے سنائے گئے مختصر فیصلے میں ایف بی آر کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ جسٹس قاضی عیسیٰ کی اہلیہ کو جائیداد کی تفصیلات سے متعلق 7 روز میں نوٹسز جاری کرے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ  نوٹس جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سرکاری رہائشگاہ پر بھجوائے جائیں،نوٹس جاری کرنے کے بعد ایف بی آر 7 دن میں سپریم جوڈیشل کونسل کو رپورٹ جمع کرائے۔

فیصلے کے مطابق چیئرمین ایف بی آر تمام تر معلومات سپریم جوڈیشل کونسل کو فراہم کرے گا۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دس رکنی فل کورٹ نے سپریم کورٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسی کیس کی سماعت کی۔

 


متعلقہ خبریں