کراچی، گھوٹکی اور لاڑکانہ میں رینجرز اہلکاروں پر حملے ، دو اہلکار شہید


کراچی :سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت گھوٹکی اور لاڑکانہ میں دستی اور کریکر بم حملوں کے نتیجے میں دو رینجرز اہلکاروں سمیت دو افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق کراچی میں دستی بم حملہ احساس پروگرام کے دفتر کے قریب ہوا اور دفتر میں احساس پروگرام کے تحت لوگوں میں رقم تقسیم کی جا رہی تھی۔

احساس پروگرام کا دفتر ریاض کالج میں قائم کیا گیا تھا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی۔

دھماکے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

دستی بم ھملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی جس کے مطابق ملزمان نے پل پر سے دستی بم پھینکا جو ریاض کالج کی دیوار کے قریب گر کر پھٹ گیا۔ دستی بم پھٹنے سے دو رینجرز اہلکار اور ایک شہری شہید ہوا جبکہ 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق بم حملے میں رینجرز کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ دستی بم حملہ صبح 11 بج کر 19 منٹ پر پیش آیا۔

اس سے قبل گھوٹکی کے علاقے گھوٹا مارکیٹ کے قریب دھماکے سے ایک شہری اور 2 رینجرز اہلکار شہید ہو گئے تھے۔

ڈی ایس پی گھوٹکی حافظ قادر نے گھوٹا مارکیٹ میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق رینجرز کی گاڑی گھوٹا مارکیٹ کے قریب کھڑی تھی جو دھماکے سے شدید متاثر ہوئی۔ شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں اور شہری کی لاش قریبی اسپتال منتقل کر دی گئیں۔

دوسری جانب لاڑکانہ میں بھی رینجرز کی گاڑی کے قریب کریکر پھینکا گیا تاہم کریکر حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوئے تھے۔

10 جون کو کراچی میں رینجرز کی چوکی کے قریب کریکر دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک راہ گیر زخمی ہوا۔ زخمی راہ گیر کی شناخت محمد اکرم کے نام سے ہوئی تھی جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

رینجرز کی چوکی کے قریب کریکر دھماکے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور ثبوت و شواہد اکھٹے کیے۔

ہم نیوز کے مطابق کریکر دھماکے میں زخمی ہونے والے نوجوان محمد اکرم نے اس ضمن میں بتایا تھا کہ وہ اپنے بھائی کو فیکٹری میں سامان دینے جارہا تھا کہ جونہی وہ چڑھائی سے اترا تو کوئی زور دار چیز دھماکے سے پھٹ گئی۔

یہ بھی پڑھیں کراچی: رینجرز کی چوکی کے قریب دھماکہ، راہ گیر اکرم زخمی

گزشتہ ہفتے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کےعلاقے صدر میں بھی بم دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی تھی۔


متعلقہ خبریں