سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی میں کورونا وائرس کی تشخیص

Yousaf raza gillani

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

یوسف رضا گیلانی کے بیٹے قاسم گیلانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے والد کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر دی۔

قاسم گیلانی نے ٹویٹ میں طنزیہ انداز میں تحریر کیا کہ عمران خان اور قومی احتساب بیورو (نیب) کا شکریہ جن کی وجہ سے میرے والد کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

یوسف رضا گیلانی کے بیٹے نے عوام سے اپنے والد کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی اور سابق کرکٹر شاہد آفریدی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق کرکٹر شاہد آفریدی بھی کورونا وائرس میں مبتلا

اسپیکر مشتاق غنی کے خاندانی ذرائع نے ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی اور کہا ہے کہ مشتاق غنی گھر پر قرنطینہ ہو گئے ہیں۔

شاہد آفریدی نے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر مداحوں سے دعا کی اپیل کی ہے۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، طاہرہ اورنگزیب اور مریم اورنگزیب کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے اور تمام رہنماؤں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوکرائن: صدر کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

وزیر ریلوے شیخ رشید سمیت کئی اراکین اسمبلی میں کورونا ٹیسٹ کی تصدیق ہوئی تھی۔ سینیٹر ثنا جمالی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ایم این اے اُسامہ قادری نے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔


متعلقہ خبریں