اسلام آباد: کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر وزیراعظم آفس کا اسٹاف کم کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری سرکلر میں جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن کے علاوہ تمام جوائنٹ سیکرٹریز کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مختلف شعبوں کے ڈپٹی سیکرٹریز ہفتہ وار دفتری امور انجام دیں گے۔ گھر سے کام کرنے والے افسران کو سٹیشن نہ چھوڑنے اور فون پر دستیاب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں افسران کو کسی بھی وقت بلایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس میں مبتلا
سرکلر میں ہدایت کی گئی کہ وزیراعظم آفس کےتمام شعبوں کےملازمین ڈیوٹی روسٹرزکےمطابق کام جاری رکھیں گے۔ گھر سے کام کرنے والے جوائنٹ سیکرٹریز فائلز اور دستاویزات کے لیے اپنے دفاتر میں ایک ملازم تعینات کریں۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیرریلوے شیخ رشید احمد سمیت متعدد اراکین قومی اسمبلی کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے، ن لیگی رہنما طاہرہ اورنگزیب اور عطااللہ تارڑ میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے اور تمام رہنماؤں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
سینیٹر ثنا جمالی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ایم این اے اُسامہ قادری نے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کورونا کو شکست دے کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، سینیٹر مرزا محمد آفریدی، رہنما مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب اور خواجہ سلمان رفیق بھی صحت یاب ہو گئے۔
تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئی تھیں۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل بھی کورونا کا شکار ہوکر انتقال کرچکے ہیں۔