‘پیپلز پارٹی کے پاس اپنے ورکرز موجود ہیں، ٹائیگر فورس کی ضرورت نہیں’


کراچی:  وزیرتوانائی سندھ  امتیاز احمد شیخ  نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس اپنے ورکرز موجود ہیں، ہمیں ٹائیگر فورس کی ضرورت نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا گیا کہ ٹائیگر فورس کو استعمال کریں۔ ہم نے کہا کہ اس کو استعمال نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے اپنے پاس ورکرز موجود ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا خطرناک وبإ ہے، یہ وبابڑا چھوٹا نہیں دیکھتی ہے، اس وبا میں سب نے اپنا کردارادا کیا۔ شروع میں بہتر لاک ڈاؤن تھا۔ ہمیں لوگوں کو آگاہی بھی دینی ہے کہ ان کی زندگیوں کا تحفظ ہونا چاہیے۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ مارچ کے مہینے میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ راشن میں کیا ہوتا ہے اس میں فلاحی اداروں کے لوگوں سے بھی پوچھا گیا۔ ہم نے وبا کو روکنے کے لیے راشن کو گھروں تک پہنچایا۔

صوبائی وزیر امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ میں تمام ریکارڈ دیا ہے۔ ہم نے سپریم کورٹ کو مطمئن کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 5 لاکھ 8 ہزار راشن بیگ تقسیم کیے ہیں۔ راشن ہم نے لوگوں کے گھروں میں پہنچایا۔ سندھ کے لوگوں کی انفارمیشن سندھ حکومت کو نہیں دی گئی۔

مزید پڑھیں: رکن سندھ اسمبلی شاہانہ اشعر کا کورنا ٹیسٹ مثبت آگیا

اس سے قبل ٹائیگر فورس کے رضا کاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر محدود لاک ڈاوَن کیا تو کورونا ٹائیگر فورس کی مدد کی ضرورت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے رضاکاروں کی ضرورت تھی جو عوام میں جا کر کورونا وائرس سے بچاؤ کے طریقوں کے حوالے سے آگاہی دیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کو عوام میں شعور پیدا کرنا ہے اگر ایسا کرنے میں کامیاب ہوگئے تو کورونا کے کیسز میں کمی آسکتی ہے۔

ٹائیگر فورس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس میں شامل نوجوانوں کو کارڈ دیئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹائیگرفورس نے بے روزگار افراد کا ڈیٹا حکومت کو دینا ہے جس کے مطابق بے روزگار افراد کو اب پیسے دیئے جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ٹڈی دل سے متعلق بھی ٹائیگرفورس کی مدد کی ضرورت پڑے گی، افریقہ میں ٹڈی کے باعث قحط پڑ گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں