پشاور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ایک کروڑ پاکستانی ملک سے باہر ہیں جنہوں نے ہر چیلنج میں ملک کا ساتھ دیا ہے، سعودی عرب سمیت دنیا میں اس وقت پاکستانی مشکلات سے دوچار ہیں۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اورسیز پاکستانیوں کو اسپتال نہیں لے جایا جا رہا ہے،سعودی حکومت کے مردہ خانے بھرے ہوئے ہیں، بیرون ممالک میں ہمارے سفارتخانے لوگوں کے کام نہیں آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت 12 سو ارب روپے کا امدادی پیکیج کورونا مریضوں پر خرچ کرے۔ کورونا سے متاثرہ لوگوں کیساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔
حکومت اعلانات، وعدوں، تقریروں کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی، سراج الحق
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کو حفاظتی سامان فراہم نہیں کر رہی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کا کام رونا دھونا اور آنسو بہانا نہیں بلکہ مسائل حل کرنا اور بحرانوں سےنمٹنے کےلیے حکمت عملی تیار کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کا شور تو بہت سنتے تھے نظر کہیں نہیں آ رہی ، حکومت نے ٹڈی دل کے حملوں سےنمٹنےکےلیے بھی حکمت عملی اختیار نہیں کی۔