سعودی عرب میں کورونا کے باعث لگائی گئی پابندیاں اٹھانے کا اعلان



سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث لگائی گئی پابندیاں اٹھالی گئی ہیں اور28 مئی سے معمولات زندگی بحال ہوجائیں گے۔

سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مکہ مکرمہ کے علاوہ ملک بھرکی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت ہوگی جب کہ اندرون ملک پروازوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا جاے گا۔ شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ 21جون کے بعد زندگی معمول کے مطابق مکمل بحال کردی جاے گی۔

متحدہ عرب امارات نے بھی 27 مئی سے معمولات زندگی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جم، سینیما گھر اور دوسری کاروباری سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوجائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں کورونا سے مزید 9 افراد جاں بحق

کاروبار کو صبح چھ سے رات گیارہ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی لیکن کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومت کی عائد کردہ پابندیوں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔

دبئی کی سپریم کمیٹی برائے بحران اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے ہدایت کی ہے کہ کاروباری مراکز اور عوامی مقامات پر تمام افراد چہروں پر ماسک پہننے کے پابند ہوں گے اور عوامی مقامات پر لوگ دوسروں سے دو میٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں۔

سپریم کمیٹی نے27 مئی سے تھوک اور پرچون کی دکانیں، تعلیمی اور تربیتی ادارے، بچوں کے تربیتی مراکز، کھیلوں کی اکیڈمیاں، اندرون خانہ جِم، فٹنس کلب، سینیما گھر اور مختلف تفریحی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔ عالمی وبا کورونا وائرس کا پھیلا کم کرنے کیلئے متحدہ عرب امارات میں قومی تطہیر پروگرام کے تحت 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ تھا۔


متعلقہ خبریں