’ کورونا کے بعد پی ٹی آئی رہنما طیارہ حادثہ میں بھی سیاست سے باز نہیں آئے ‘


کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کورونا کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما طیارہ حادثہ میں بھی سیاست سے باز نہیں آئے۔

گورنرسندھ اور پی ٹی آئی رہنماوَں کےبیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ سستی شہرت کیلئےکوئی موقع ہاتھ سےنہیں جانےدیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ بےہودہ سیاست کرکےآپ خدمت نہیں ،شہدا اور زخمیوں کے لواحقین کی دل آزاری کر رہے ہیں۔

طیارہ حادثہ: حکومت متاثرین کے گھر تعمیر کرے گی، گورنر سندھ

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حادثےکے بعد جامعہ کراچی کی فارنزک لیب میں ڈی این اے کے نمونےکےحصول کا کام شروع کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران اسماعیل جس منصب پر ہیں انہیں غلط بیانی زیب نہیں دیتی، آپ نے پنجاب سے ڈی این اے ماہرین سندھ حکومت کو اطلاع دئیے بغیر بلوائے، ہمیں ضرورت پڑتی تو سیاست کے بجائے بلاشبہ ان ماہرین کی خدمات حاصل کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثہ میں زخمی ہونے والےعلاقہ مکینوں کو برنس وارڈ میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ المناک حادثےمیں تباہ ہونے والے مکانات کےنقصان کا بھی تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں