پنجاب میں آٹو انڈسٹری اور شاپنگ مالز کھولنے کا فیصلہ

پنجاب میں آٹو انڈسٹری اور شاپنگ مالز کھولنے کا فیصلہ

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں پیر سے آٹو انڈسٹری اور شاپنگ مالز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی طے شدہ ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ عوامی سہولت کے تحت کیا ہے کیونکہ کرفیو اور لاک ڈاؤن میں سختی سے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں لاک ڈاؤن میں نرمی یا سختی عوامی ردعمل کو دیکھ کر کی جائے گی اور ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے عوام روزمرہ امور سر انجام دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مجموعی طور پر حکومتی ایس او پیز پر عمل کی صورتحال خوش آئند ہے۔

یہ بھی پڑھیں خیبر پختونخوا میں دکانیں ہفتے میں 4 دن کھولنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں لاک ڈاؤن میں نرمی کر کے  پبلک ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبوں کو مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کابینہ ارکان نے ایک ماہ کی تنخواہ وزیراعظم ریلیف فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ  ملک میں تیارشدہ سینی ٹائزرکی برآمدات کی بھی منظوری دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سب کو ساتھ لےکرفیصلہ کرتے ہیں، انہوں نے ہمیشہ مزدور طبقےکا خیال رکھنے پر زور دیا ہے اور وہ صرف غریب کی بات کرتےہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ کابینہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق غور کیا گیا  اور وزیر اعظم عمران خان الیکشن کمیشن کا عمل شفاف چاہتے ہیں۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک خطاب میں کہا تھا کہ لاک ڈاؤن اس لیے کھول رہے کہ عوام مشکل سے نکل آئیں۔ ایس او پیز پرعمل نہ کیا گیا تو کورونا تیزی سے پھیلے گا اور پھر لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑے گا۔


متعلقہ خبریں