کورونا کو امریکی افواہ قرار دینے والا شخص خود وائرس سے جاں بحق

کورونا سے مزید 47 افراد جاں بحق، شرح 5 فیصد سے بڑھ گئی

فوٹو: فائل


قاہرہ: مصر میں کورونا کو امریکی افواہ قرار دینے والا 29 سالہ شخص خود کورونا وائرس سے ہلاک ہو گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سیاحت کے شعبے سے وابستہ محمد واحدان نے چند ماہ قبل فیس بک پر اپنے ویڈیو پیغام میں کورونا وائرس کو جھوٹ قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ نے چین کی معیشت کو برباد کرنے کے لیے افوا پھیلائی ہے۔ محمد واحدان نے مصری عوام پر زور دیا تھا کہ وہ معمولات زندگی کو بحال رکھیں اور ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں تاہم کچھ عرصے بعد محمد واحدان میں وائرس کی تشخیص کے بعد انہیں مصر کے اسپتال میں قرنطینہ کر دیا گیا تھا۔

دوران قرنطینہ محمد واحدان نے ایک اور ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور ساتھ ہی لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تلقین کی تھی۔

محمد واحدان کا کہنا تھا کہ بھوک آپ کو نہیں مارے گی اس لیے اپنی زندگی داؤ پر مت لگائیں، محمد واحدان کی جانب سے پوسٹ کی گئی آخری ویڈیو میں وہ بامشکل بول پا رہے تھے۔

مصر میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 590 سے زائد ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 3 لاکھ 6 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ عالمی سطح پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 46 لاکھ 28 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں امریکی کمپنی کا کورونا کے خلاف 100 فیصد موثر اینٹی باڈی بنانےکا دعویٰ

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 17 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 84 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 88 ہزار 500 سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔


متعلقہ خبریں