پنجاب حکومت نے بجٹ سازی کیلئے عوام الناس سے رائے مانگ لی

وفاقی و صوبائی ترقیاتی بجٹ میں18فیصد کمی کا امکان

لاہور: پنجاب حکومت نے بجٹ 2020،21 کی تیاری کے معاملے پر شہریوں سے رائے مانگ لی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے بجٹ سازی کے لیے اخبار میں اشتہار شائع کردیا۔ شہری اپنی رائے بارے ای میل یا پوسٹل سروس کے ذریعے آگاہ کر سکیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے بجٹ سے متعلقشہری اپنی تجاویز محکمہ خزانہ کے ڈپٹی سیکریٹری بجٹ کو بھجوا سکتے ہیں۔ اشتہار میں عوام سے پوچھا گیا ہے کہ پنجاب کن کن شعبوں میں اخراجات کرے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کی تیاری پر نئی گائیڈ لائن جاری کردی گئی ہیں، رواں سال منظور نہ ہونے والے منصوبے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل نہیں ہوں گے۔

پی این ڈی حکام کی جانب سے تیار کردہ گائیڈ لائن کے مطابق محدود ترقیاتی منصوبوں کو نئے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔

پی اینڈ ڈی حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال جن منصوبوں پر بجٹ 10 فیصد سے کم خرچ ہوا انہیں بھی آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری گائیڈ لائن کے مطابق 10فیصد اور 20 فیصد کے درمیان فنڈز خرچ کرنے والی اسکیموں کو محدود کیا جائے گا۔ 20فیصد سے زائد کا بجٹ خرچ کرنے والی اسکیم اگر کورونا متاثرین پر ہوگی تو وہ بجٹ میں شامل کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کو بجٹ تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا

پی اینڈ ڈی گائیڈ لائن کے مطابق صوبائی کابینہ برائے خزانہ نے نئے مالی سال کے ایس او پی سے متعلق منظوری دے دی ہے۔ تمام صوبائی محکموں کو نئی گائیڈ لائن کے حوالے سرکلر جاری کردیا گیا ہے۔

پی اینڈ ڈی حکام کے مطابق تمام صوبائی محکموں کو بجٹ کی تیاری کے لیے 15 مئی تک کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے۔

تمام صوبائی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کل تک آن لائن اسکیموں میں تبدیلی کرکے تازہ ڈارفٹ ارسال کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پنجاب اسمبلی نے اپنے سالانہ بجٹ میں 31 کروڑ روپے کی کمی کردی تھی۔ پنجاب اسمبلی نے یہ کمی عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی وجہ سے کی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق صوبائی اسمبلی کے سالانہ بجٹ میں کمی کا فیصلہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت منعقدہ فنانس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا جس میں صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت اور دیگر اراکین کمیٹی نے شرکت کی تھی۔

اجلاس میں فنانس کمیٹی نے پنجاب اسمبلی کا مالی سال 2021-20 کا دو ارب 63 کروڑ 90 لاکھ 57 ہزار روپے کا بجٹ بھی منظور کیا تھا۔


متعلقہ خبریں