یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے پر اتفاق نہ ہوسکا

فائل فوٹو


اسلام آباد: ملک بھر کے تعلیمی ادارے یکم جون سے کھولنے پر صوبوں کے درمیان اتفاق نہیں ہوسکا۔ 

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزرا نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

ذرائع ہم نیوز کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب، بلوچستان اور سندھ کی جانب سے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی مخالفت کی گئی۔

تین صوبوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی ادارے کھلنے سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ مزید بڑھ جائے گا لہٰذا تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا، ملک بھرمیں تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی حمایت کی تھی۔

صوبوں میں اتفاق نہ ہونے پر معاملہ قومی رابطہ کمیٹی کے کل کے اجلاس میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے یکم جون سے سرکاری تعلیمی ادارے کھولنے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی اسکول کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اسکولز کھولنے کے حوالے سے ابھی مشاورت ہو رہی ہے۔

26 مارچ کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کورونا وائرس کے باعث ملک بھرمیں تعلیمی ادارے31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

وفاقی وزیرتعلیم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند کرنےکا فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیاگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: تعلیمی ادارے کھولنے کی خبروں کی تردید

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 526 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 22 ہزار 5 سو 50 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,049 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 40 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے 6 ہزار 217 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں